وزیراعظم عمران خان کا مسابقتی کمیشن کی 5 سالہ کارکردگی پر اظہار ناراضی
وزیراعظم عمران خان نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی 5 سالہ کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کردیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت مسابقتی کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے مسابقتی کمیشن کی 5 سالہ کارکردگی پر اظہار ناراضی کیا اور فنانس ڈویژن سے کمیشن کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف شعبوں میں کمیشن کے فیصلوں، تحقیقات اور نتائج سے آگاہ کیا جائے جبکہ اس کی وصولیوں اور جرمانے سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمیشن چیئرپرسن کو 14 اکتوبر 2018ء کو عہدے سے برطرف کیا جاچکا ہے۔
عمران خان کو یہ بھی بتایا گیا کہ برطرفی کے باوجود چیئرپرسن عدالتی حکم امتناعی پر مسابقتی کمیشن میں کام کررہی ہیں۔
وزیراعظم نے کیس کی مناسب انداز میں پیروی نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ کیس عدالت میں تھا تو پیروی کیوں نہیں ہوئی ؟
عمران خان نے فنانس ڈویژن کو تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ کیس میں تاخیر کے ذمے داروں کے تعین اور مقدمے کی موثر پیروی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔