ٹرمپ کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میرے دوست ہیں، ان کیساتھ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ماضی میں کبھی اتنے قریب نہیں رہے جتنے آج ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔

 انہوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کیساتھ دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک پیج پر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے کے استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی صدر کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی۔