میزائل پروگرام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جنرل امیر حاتمی


اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ ایران میزائل پروگرام جاری رکھے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل صرف اور صرف روائتی ہتھیار لے جانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

انہوں نےجمعرات کو تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائلوں میں اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت بہت اعلی ہے اور امریکیوں نے عین الاسد چھاونی میں اس کا بخوبی مشاہدہ کیا ہے۔

 سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی نے امریکہ کے دہشت گردانہ حملے میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلمیانی کی شہادت کا انتقام لینے کے لیے آٹھ جنوری کو عراق میں امریکہ کی سب سے اہم فوجی چھاونی عین الاسد کو میزائلوں کا نشانہ بنایا تھا۔

 ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے سیٹلائٹ راکٹ اور میزائلوں کے درمیان تعلق کے بارے میں کہا کہ، سیٹلائٹ لے جانے والے راکٹوں کا میزائل پروگرام سے کوئی تعلق نہیں اور یہ مکمل طور سے ایک سول پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ خلا میں بھیجنا ایران کا مسلمہ حق ہے اور تہران پوری قوت کے ساتھ اپنے خلائی پروگرام کو ترقی دیتا رہے گا۔