پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا شکار، کاروبار روکنے کا فیصلہ


اسٹاک مارکیٹ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق حصص کی قیمتوں میں 5.83 فیصد کمی کے بعد کاروباری سرگرمیوں کو روک دیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروبار ہفتے کے آغاز کے پہلے روز ہی شدید مندی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 2100 سے زائد پوائنٹس گرگیا۔

پیر کو ہفتے کا آغاز ہوا تو مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کاروبار شروع ہونے کے کچھ ہی منٹس میں کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار 2 سو 19 پوائنٹس سے کم ہوکر 36 ہزار ایک سو 12 پوائنٹس پر آگیا۔

تاہم 45 منٹ بعد ٹریڈنگ کے دوبار آغاز پر کاروبار میں مندی کا مزید رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر 2245 پوائنٹس گرنے کے بعد 35 ہزار 9 سو 17 پوائنٹس تک آگیا۔

کاروباری سرگرمی روکنے سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کے ایس ای 30 انڈیکس 4.5 فیصد یا اس سے زیادہ گرتی ہے تو 45 منٹ کے لیے ٹریڈبنگ روک دی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 313 پوائنٹس (3.34 فیصد) اضافہ ہوا تھا۔

مثبت رجحان کے بعد انڈیکس 39 ہزار 296 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

کاروبار کے دوران انڈیکس کی کم ترین سطح 37 ہزار 984 اور بلند ترین سطح 39 ہزار 362 پوائنٹس رہی تھی۔