کراچی ائیرپورٹ پر آنے والے ہر شخص کا ٹیسٹ کیا جائے گا


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کراچی ایئرپورٹ پر آنے والے ہر شخص کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کراچی ایئرپورٹ پر آنے والے ہر شخص کا ٹیسٹ کیا جائے گا، مسافروں کو تھوڑی تکلیف ہوگی لیکن وائرس سے بچنے کے لیے یہ کرنا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم سے بات نہیں ہوسکی ہے، کوشش کروں گا کل وزیراعظم عمران خان سے بات ہوسکے، وزیراعظم سے کہوں گا کرونا پر میٹنگز کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر 15 ہیلتھ ڈیسک قائم کررہے ہیں، تافتان میں 3 ہزار کے قریب زائرین ایران سے آئے وہ قرنطینہ میں ہیں، قرنطینہ میں 853 افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 ہزار افراد میں سے صرف 10 لوگوں میں کرونا کی علامات ہیں، 853 افراد 14 دن قرنطینہ میں گزارنے کے بعد سندھ میں آئیں گے، 853 افراد کو سکھر میں ایک قرنطینہ میں رکھ کر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان زائرین میں سے 853 لوگوں نے سندھ میں آنا ہے، کوئٹہ میں کل ایک بچے میں کرونا کی تصدیق ہوئی، بچے میں کرونا وائرس پر تشویش ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وہ افراد اسٹیڈیم میچ دیکھنے نہ جائیں جنہیں بخار، نزلہ ہے۔