پاکستان؛ دینی مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں 5 اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام سےمتعلق حکمت عملی پرغور کیا گیا اور معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا نے اجلاس کو صورتحال سے آگاہ کیا. اجلاس میں آرمی چیف، سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 5 اپریل تک ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے و مدارس بند رہیں گے۔

 انہوں نے وضاحت کی کہ اس فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولز، کالجز، جامعات، ووکیشنل سینٹرز اور مدارس پر ہوگا۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 22 کیسز رپورٹ ہوئے جن کی بڑی تعداد کراچی سمیت سندھ میں سامنے آئی ۔

اب تک سندھ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 16 (15 کراچی اور ایک حیدرآباد)، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 ہے جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ان 22 کیسز میں سے کراچی میں زیرعلاج 2 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے، دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، اب تک 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے۔