پاکستان کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند


پاکستان کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔

ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔

واضح رہے کہ غیر متوقع فلائٹس کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔

ملتان ایئر پورٹ پر اترنے والی بحرین، جدہ اور دبئی کی 4 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروانے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سیالکوٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 302 لاہور سے روانہ ہوگی۔

حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ 1 یا 2 سے زائد وزیٹر ایئر پورٹس آنے سے گریز کریں۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ مذکورہ اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تینوں ایئر پورٹس پر وزیٹر کی تعداد کم رکھنے پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔