عالم بشریت پر کرونا وائرس کے حملے جاری، دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ افراد متاثر


دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اٹلی میں مریضوں کی تعداد 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1809 ہوگئی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں مریضوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران  اٹلی اور ایران میں بالترتیب 368 اور 113 افراد جاں بحق ہوئے۔

ایرانی وزارت صحت نے اتوار کی شام کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں سے اب تک 4 ہزار 790 افراد صحتیاب ہو کے اسپتالوں سے ڈسچارج کئے جا چکے ہیں۔

ایران کے محکمہ صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے اتوار کے روز صحافیوں کو بتایا کہ ایران میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 938 ہوگئی ہے۔ انھوں نے 724 افراد کی موت کی تصدیق کی۔

دوسری جانب اسپین میں کورونا وائرس کے کیسوں میں یکلخت تیزی آئی ہے اور 2000 نئے مریضوں کے انکشاف کے بعد لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

فلپائنی دارلحکومت منیلا ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے جہاں سوا کروڑ افراد سے ایک ماہ تک سفر کرنے کو منع کیا گیا ہے۔

 فرانس میں ایک روز میں 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں مریضوں کی تعداد 5400 تک پہنچ چکی ہے لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں فرانس میں کورونا کے 900 مریض سامنے آئے ہیں۔

قطر میں سوئمنگ پول، جمنازیم، ریستوران اور ہوٹل بند کردیئے گئے ہیں ۔ حکومتِ قطر نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ دو ہفتے تک ملک میں غیرقطریوں کا داخلہ جلد ہی ممنوع قرار دیدیا جائے گا۔

مشرقِ وسطیٰ سے ہٹ کر یوکرین نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر پیر سے بین الاقومی ٹرین سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 3 اپریل تک بین الاقوامی پرواز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے متاثر افراد کی تعداد 94 ہوگئی ہے۔