صدرعارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چین کے دو روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق چینی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدام اسد عمر اور سینئر عہدیداران سمیت ایک وفد صدر کے ہمراہ ہے، دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چینی ہم منصب اور دیگر چینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دورے کے دوران متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے معاہدوں پر دستخط کئے جانے کی توقع ہے، یہ صدر مملکت کا چین کا پہلا دورہ ہے، جس کا واحد مقصد پاکستان کی طرف سے چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار ہے جبکہ بیجنگ کرونا کے پھیلاو پر قابو پانے اور اس سے نمٹنے کی کوششوں میں بھرپور مصروف عمل رہا ہے۔
دورہ دونوں مضبوط بھائیوں کے مابین اعتماد اور باہمی تعاون کے تاریخی بندھن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، دورہ دونوں ممالک کی قیادت کے لئے باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لینے اور خطے اور اس سے باہر امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے بھی ایک موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔