چینی باشندے کے گھرسے 2 کروڑ مالیت کے ماسک بر آمد


وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرایف سکس میں پولیس نے چھاپا مارکر ایک گھر سے 2 کروڑ روپے مالیت کے ماسکس برآمد کر لیے ہیں اور چار چینی باشندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چینی باشندوں کو متعلقہ پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ ملزمان کے خلاف ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی انتظامیہ کو ماسک ذخیرہ اندوزی کی انٹیلجنس اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ مل مشترکہ کارروائی کی۔اسسٹنٹ کمشنرمحمد اقبال سنگیڑا نے بتایا کہ ماسک کو اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے اور چینی باشندوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب ماکس اور دیگر ضروری ادویات ذخیرہ کرنے پر پابندی ہے۔حکومت نے ماسک اور سینیٹائزر کی بلیک مارکیٹنگ اور سمگلنگ میں ملوث مشتبہ عناصر کو چیک کرنے کےلئے دو سول انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ٹاسک سونپا ہے۔

کورونا وائرس کی وبا پھیلتے ہی تو سرجیکل ماسک اور سینیٹائزز کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اس دوران کچھ تاجر یہ دونوں چیزیں ایئر پورٹ سے سمگل کرتے بھی پکڑے گئے ہیں۔

کراچی میں کئی ذخیرہ اندوز رنگے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں جب کہ ماسک اور سینیٹائزز کی بلیک مارکیٹنگ بھی کر رہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جلد اس بحران پر قابو پا کر شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔