پاکستان ریلوے کا 34 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ


وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے پیش نظر مرحلہ وار 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، گزشتہ روزاسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ریلوے میں 2 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں، جو کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک لاکھ 60 ہزار ہوگئے ہیں۔ ٹرینوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے، ریلوے مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 134 ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں، 22 مارچ سے 12 ٹرینیں بند کی جارہی ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید 20 ٹرینیں بھی بند کرسکتے ہیں، ہم جو کماتے ہیں وہی ریلوے پر خرچ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پوری سروس بند کی تو ہمارے پاس پینشن اور ملازمین کی تنخواہ کے پیسے نہیں ہیں۔ ہم 134 ٹرینوں میں سے 34 بند کرنے جا رہے ہیں۔ اس سے ملازمین کی تنخواہیں نہیں رکیں گی۔