امریکا نے ایران کے ساتھ تعاون کرنے پر متحدہ عرب امارات کی 5  کمپنیوں پر پابندی عائد کردی


امریکی حکام کا کہناہے کہ  ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ عرب امارات کی5  کمپنیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  امریکی وزارت خزانہ نے ایران پر واشنگٹن کی یکطرفہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ عرب امارات کی 5کمپنیوں پر پابندی کا اعلان کیا۔

امریکی حکام نے5 اماراتی کمپنیوں کی فہرست جاری کی ہے کہ جنھوں نے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تعاون کیا۔

امریکی وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کے یہ متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں نے امریکی پابندیوں کو خاطرمیں لائے بغیر ایران سے تجارتی مراسم رکھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکومت نے ایران کے خلاف پابندیوں کی فہرست میں چین، ہانگ کانگ اور دبئی میں قائم کمپنیوں اور 2 افراد کو شامل کیا تھا۔

امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس نے پیٹرو کیمیکلز اور پٹرولیم کی 4 کمپنیوں کے خلاف کاروائی کی ہے جس میں سے 2 کمپنیوں کا تعلق ہانگ کانگ سے اور دیگر کا تعلق شنگھائی اور دبئی سے ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنیوں نے ایرانی خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات متحدہ عرب امارات اور چین برآمد کرنے میں ایران کی قومی آئل کمپنی کی مدد کی تھی۔