کراچی، کھانے کی ہوم ڈیلیوری اور پارسل پر بھی پابندی عائد


کمشنر کراچی نے سندھ میں 15 روز کے لاک ڈاؤن کے حوالے سے شہر میں کھانے کی ہوم ڈیلیوری اورپارسل پربھی پابندی عائد کردی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، دکانداروں کو سندھ حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خرد و نوش فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے 15 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد کمشنر کراچی کی جانب سے بھی کچھ اہم اقدامات سامنے آئے ہیں۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ شہر میں بسیں، آن لائن ٹیکسی سروسز، بس سروس اور رکشے وغیرہ کو شاہراہوں پر گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ گھر کے صرف ایک فرد کو سودا سلف خریدنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں پیٹرول پمپس پر کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈالا جائے گا۔

کمشنر کراچی کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران فارم ہاوسز اور گھروں میں تقریبات پر پابندی ہوگی، کھانے کی ہوم ڈلیوری اورپارسل پربھی پابندی عائد کی گئی ہے اور تمام ریسٹورنٹس کےکچن بھی بند رہیں گے۔

افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ کریانہ اسٹورز کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ انہیں حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خرد و نوش فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔