کورونا وائرس؛ پاکستان سے طبی آلات یورپ برآمد


پاکستان میں ہی تیار ہونے والے طبی آلات سے بھری ایک اور کارگو فلائٹ کراچی سے یورپ پہنچ گئی ہے۔

تسنیم خبررساں نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہےکہ، پاکستان میں ہی تیار ہونے والے طبی آلات سے بھرا ایک اور ہوائی جہاز کراچی سے ہنگامی بنیادوں پر 100 ٹن سے زائد میڈیکل سپلائیز لے کر یورپ پہنچ گیا ہے۔

دنیا کے دیگر 195 ملکوں کی طرح پاکستان بھی اس وقت بین الاقوامی وبائی مرض کورونا وائرس کی زد میں ہے اور یہاں طبی آلات کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے۔

طبی آلات کا 106 ٹن بڑا ذخیرہ لے کر 21 مارچ کو بھی ایک فلائٹ اے ڈی بی  5362  کراچی ایئرپورٹ سے شام 7 بجکر 19 منٹ پر یورپی ملک جمہوریہ چیک کے شہر پردوبیس کیلئے روانہ ہوئی تھی۔

 اسی ہوائی کمپنی کی پرواز اے ڈی بی 5368 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے 24 مارچ کو رات نو بجکر 45 منٹ پر جمہوریہ چیک کے اسی شہر پردوبیس کیلئے اڑان بھری۔

 مقامی ذرائع کے مطابق 100 ٹن سے زائد طبی آلات میں مبینہ طور پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس کا بڑا ذخیرہ بھی شامل تھا جو مقامی طور پر پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق "چراغ تلے اندھیرا کے مترادف" پاکستانی حکومت یا بیشتر اداروں کو پتہ ہی نہیں کہ پاکستان کے مقامی کارخانوں میں یہ طبی آلات دنیا میں سب سے سستے تیار کرنا شروع کردیئے گئے ہیں اور مبینہ خاموشی کے تحت دنیا کے مختلف ممالک کو سپلائی بھی کیے جا رہے ہیں۔