امام خامنہ ای کا وزارت صحت کو خراج تحسین


امام خامنہ ای نے ملک بھرمیں کورونا کے خلاف جاری کوششوں کی تعریف کرتے ہوئےاسکریننگ کو اہم اور قابل تعریف قرار دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، امام خامنہ ای نے اتوار کو ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف مہم میں اسکریننگ کا کام بہت اہم اور قابل تعریف ہے۔

آپ نے اپنے اس خط میں ملک کی وزارت صحت اور طبی شعبے کے کارکنوں کی لگن اور کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ملک کی مسلح افواج اور عوامی رضاکاروں کی خدمات، کورونا سے ملک کو نجات دلانے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔

امام خامنہ ای نے کورونا وائرس کے خلاف مہم اور کوششیں جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے،خداوند عالم سے کورونا وائرس کے خلاف مہم میں مصروف سبھی لوگوں کی صحت و سلامتی اور کامیابی کی دعا بھی کی۔