آزاد کشمیر؛ نیا وزیراعظم ہاؤس قرنطینہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ


وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم ہاؤس کو قرنطینہ سینٹر بنا دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نئے وزیراعظم ہاؤس کو قرنطینہ سینٹر بنا دیا ہے، آفیسرز کلب، ہوٹلز، ریسٹ ہاوسز کو آئیسولیشن سینٹرز، قرنطینہ میں بدل دیا۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کوٹلی، مظفرآباد میں ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بنا چکے ہیں، راولاکوٹ میں بھی کل تک لیبارٹری بن جائےگی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک ،سینیٹائزرز مہیا کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 23 مارچ کو آزاد کشمیر حکومت نے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ناگزیر حالات میں سفر کرنے کے لیے خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے، کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے گھر کے ایک فرد کو اجازت ہوگی، یہ کرفیو نہیں ہے بلکہ حفاظتی انتظامات ہیں، عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں، انتہائی ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1571 تک جا پہنچی ہے ،وائرس سے اب تک 14 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔