شدت پسندوں نے جعلی اکاؤنٹ سے پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی، فواد چوہدری


وفاقی وزیر فواد چوہدری نے زائرین کے خلاف بیان کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کرونا وائرس کسی مذہب، مسلک، ملک یا علاقے سے تعلق نہیں رکھتا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹ سے پروپیگنڈے کا مقصد ملک میں مسلکی منافرت اور فساد پھیلانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کرنے والے اور مذہبی منافرت پھیلانے والے افراد کو بے نقاب کردیا، فواد چوہدری نے کہا کہ کرونا وائرس کسی مذہب، مسلک، ملک یا علاقے سے تعلق نہیں رکھتا۔

وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ علی زیدی اور زلفی دونوں ناخواندہ نہیں، پروگریسو لوگ ہیں،کچھ دن پہلے میرا بھی جعلی بیان بنایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ دو لڑکے اس میں ملوث ہیں اور دونوں لڑکوں کا تعلق شدت پسند تنظیم سے ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک لڑکے کا تعلق کراچی سے ہے اور دوسرا ڈٰ جی خان کا رہنے والا ہے، جعلی بیان بنانے والے دونوں ملزمان جلد جیل میں ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی جان لیوا وبا کسی مذہب، مسلک، ملک یا علاقے سے تعلق نہیں رکھتی، وائرس انسانوں کا مشترکا دشمن ہے، سب نے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وفاقی وزیر علی زیدی اور زلفی بخاری کو ملک میں وائرس پھیلنے کا ذمہ دار بتایا جارہا تھا۔

اس کے علاوہ نجی ٹی وی کی سکرین شارٹ تصویرگشت کررہی تھی جس میں اہل تشیع کے خلاف فواد چودہدری سے منسوب نازیبا الفاظ درج تھے۔