امریکا نے ایران کو قرض دینے کی مخالفت کردی، شمخانی کی سخت مذمت


اسلامی جمہوریہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے امریکا کی جانب سے ایران کو قرض دینے کی مخالفت پرسخت تشویش کا اظہار کیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کامقابلہ کرنے کیلئے ایران کیجانب سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے قرضہ لینے کی اپیل کی امریکی صدر کی مخالفت، انسانیت کیخلاف سنگین جرم ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے آج اتوار کے روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ طبی ساز وسامان اور صحت کی مصنوعات کیخلاف عائد امریکی پابندیاں اور کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے ایران کیجانب سے قرضہ لینے کی اپیل کی امریکی مخالفت، انسانیت کیخلاف سنگین جرم ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک ملک میں مجموعی طور 58226 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جن میں سے 3603 افراد کا انتقال ہوا جبکہ 22011 افراد  صحت یاب ہوئے ہیں۔