پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک سال کیلیے قرض ریلیف مل گیا


وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف سے ترقی پذیرملکوں کے لیے رعایت کی اپیل کی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جیو نیوز کے مارننگ شو ‘جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سےترقی پذیرملکوں کی معیشت پر زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کورونا سے پیدا صورت حال کے باعث ایک سال کے لیے ریلیف دیا ہے، رعایت کا اطلاق پاکستان سمیت 70 ممالک پر ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف پاکستان کوملنے کی امید ہے، پاکستان کوقرضوں پر رعایت کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں عالمی مالیاتی اداروں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی تھی کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے ترقی پزیر ممالک کی مدد کی جائے اور انھیں قرضوں میں ریلیف دیا جائے۔