ترکی سے امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا


سامان میں کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس، ماسک اور ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ترکی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امدادی سامان پاکستان بھجوادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں ترکی بھی پاکستان کی مدد کیلئے میدان میں آگیا، ترکی کی جانب سے امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا، خصوصی پرواز کے ذریعے 12ٹن حفاظتی سامان اسلام آباد پہنچا۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ترکی نے پاکستان کےڈاکٹرز کے لئے حفاظتی اشیا کا عطیہ دیا ، ترکش ایئرلائن کا جہاز آج صبح سامان لیکراسلام آباد پہنچا، ڈپٹی ہیڈمشن ترکش قونصلیٹ نےسامان ڈپٹی چیئرمین این ڈی ایم اے کے سپرد کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے سامان میں 20ہزار این95 ماسک، 18ہزار 500حفاظتی گاؤن شامل ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان پاکستان بھجوایا گیا تھا، جس میں کورونا ٹیسٹنگ کٹس، ماسک اور دیگر طبی سازو سامان شامل تھا۔

خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 209 ہو چکی ہے۔