ایران نے کورونا وائرس پر قابوپالیا، متعدد صوبوں میں مساجد کھولنے کا اعلان
اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے حملوں میں زبردست کمی کے بعد متعدد صوبوں میں مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے حصے میں پیر سے مساجد کھول دی جائیں گی۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ 132 شہروں یعنی ملک کے ایک تہائی انتظامی ڈویژنز میں پیر سے مساجد کھل جائیں گی۔
ایران کی کورونا وائرس ٹاسک فورس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 'سماجی فاصلہ رکھنا اس وقت اجتماعی طور پر ضروری ہے
واضح رہے کہ ایران کی گزشتہ روز وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا تھا کہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے 47 اموات ہوئیں جو گزشتہ 55 روز میں سب سے کم ہیں۔
انہوں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ مارچ میں کورونا کی خوفناک صورتحال کے بعد ایران میں مساجد اور دیگر تمام اجتماعی مراکز کو بند کردیا گیا تھا۔
کیانوش جہانپور نے کہا کہ 47 نئی اموات کے بعد ایران میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار 203 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں وائرس کے 976 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار 424 ہوگئی۔
حسن روحانی نے کہا کہ 'ہم آہستہ آہستہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا سلسلہ جاری رکھیں گے
خیال رہے کہ ایران میں کورونا کی روک تھام کے لیے مارچ میں یونیورسٹیاں، سینما، اسٹیڈیم اور دیگر عوامی مقامات بند کردیے گئے تھے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے 'یوم قدس' کو منسوخ کر رہے ہیں۔