ایران؛ لاک ڈاون میں نرمی، متعدد شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات


اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا گیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے 180 شہروں میں آج نماز جمعہ کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوں گے۔

ایرانی وزارت صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی اصولوں پرعمل کریں اور نماز کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں، گھروں سے وضو کر کے جائیں، دستانے پہنیں، فیس ماسک لگائیں اور ہاتھ ملانے سے گریزکریں۔

واضح رہے کہ ایران کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جو شہر سفید زون کہلائے ان میں نماز با جماعت ادا کرنے کی اجازت ہے اور وہاں 16 مئی سے ایک مہینے کیلئے اسکول بھی کھولے جائیں گے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جو شہر ریڈ زون ہیں وہاں بدستور مختلف قسم کی پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔ 

ایران میں کورونا وائرس میں اب تک ایک لاکھ 3 ہزار135افراد مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے اب تک 82 ہزار474 افراد اللہ کے فضل و کرم سے صحت یاب ہوئے اور 6 ہزار486 افراد جاں بحق ہوئے۔