وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے


خطاب کے دوران عمران خان نیشنل کمانڈ کنٹرول سینٹر کے فیصلوں پر بات اور ملک میں کورونا کی صورتحال سےمتعلق قوم کو آگاہ کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان آج ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لیں گے، جس میں کورونا کی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے متعلق قوم کو آگاہ کریں گے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجوہات قوم کےسامنے رکھیں گے۔

وزیراعظم کوروناسےنمٹنے کےحکومتی اقدامات پر بھی قوم کو اعتماد میں لیں گے اور ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجوہات قوم کےسامنے رکھیں گے جبکہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس اوپیز اور احتیاطی تدابیر پر بات کریں گے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھوک،وبا سے متعلق حفاظتی اقدامات میں توازن برقرار رکھنا ہے، لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ خطرہ اس سے کہیں زیادہ بڑھتی ہوئی بھوک اور افلاس کا ہے، لاک ڈاؤن کورونا کاعلاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصلے زمینی حقائق اور عوام کی حالت دیکھ کر کرنے ہیں، جب تک معیشت بحال نہیں ہوجاتی نادار طبقے کی مشکلات بڑھیں گی، کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اقدام نہایت مجبوری میں اٹھانا پڑا۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرانتہائی ضروری ہیں، وضع شدہ قواعدوضوابط پرعملداری کوہر صورت ممکن بناناہے، حفاظتی تدابیراختیارکرنےکیلئےعوام میں شعور اجاگر کیا جانا چاہیے انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس عوام پر سختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے۔