گلگت بلتستان؛ انتخابات سے قبل تقرریوں ، تبادلوں اور فنڈز فراہمی پر پابندی عائد
گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد سے قبل ہر قسم کی بھرتیوں، تقرریوں، تبادلوں، ترقیاتی منصوبوں کے اجراء، اعلانات اور فنڈز فراہمی پر پابندی عائد کردی۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے تقرریوں، تبادلوں، ترقیاتی منصوبوں کے اجراء، اعلانات اور فنڈز فراہمی پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات اور نئی حکومت کے قیام تک ترقیاتی منصوبوں کے اجراء و اعلانات پر پابندی ہوگی، ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء پر پابندی ہوگی جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے پہلے سے جاری فنڈز منجمد ہوں گے۔
الیکشن کے انعقاد تک گلگت بلتستان میں افسران و ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائدی عائد ہوگی تاہم مفاد عامہ کیلئے ضروری ٹرانسفر پوسٹنگ کے لئے الیکشن کمیشن سے منظوری لازمی ہوگی۔
کوئی بھی رکن اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات و افتتاح پر پابندی عائد ہوگی، لوکل گورنمنٹ کے تمام ترقیاتی فنڈز منجمد ہوں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ حکومت کے قیام تک گلگت بلتستان میں نئی پوسٹوں کی تخلیق و اپگریڈیشن بھی پابندی عائد ہوگی۔