طیارہ حادثہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 60 لاکھ روپے کا اعلان
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے طیارہ حادثے میں شہید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے جب کہ انشورنس کی مد 50 لاکھ روپے ملیں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گورنر سندھ عمران اسماعیل طیارہ حادثے میں شہید دو بھائیوں کے گھر گئے اور شہداءکے والد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا اور کہا کہ ہر پاکستانی آپ سے بھرپور ہمدردی رکھتا ہے اور حکومت بھی شہداءکے لواحقین کے ساتھ ہے۔
ایکسپرس نیوز نے خبر دی ہے کہ طیارہ حادثے کے فی شہید کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے10 لاکھ روپے جب کہ انشورنس کی مد میں 50 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل بھی دے دی ہے، ٹیم جلد وزیراعظم کو رپورٹ ارسال کرے گی، حتمی رپورٹ میں جو ذمہ دار ہوگا وہ سزا کا مستحق ہوگا، یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلائیں گے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ طیارہ حادثے نے پوری قوم کو افسردہ کردیا ہے، عید الفطر کے تیسرے روز بھی پورے ملک میں سوگ کی فضاءقائم ہے، یہ ملکی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے، ہمیں احساس ہے ان ورثاءکا تاکہ اپنے پیاروں کی لاشوں کی تدفین کرسکیں، شہیدوں کی نشاندہی کے لیے ڈی این اے کا کام جاری ہے، 30 سے 34 شہیدوں کی نشاندہی ابھی باقی ہے، اس عمل میں 10 سے 12 دن لگ سکتے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کا حل لاک ڈاون نہیں ہے اور ہم نے یہ بھی نہیں کہا کہ کورونا وائرس موجود نہیں ہے، مجھے بھی کورونا وائرس لاحق ہوا اور میں 18 یوم بعد شفایاب ہوا، وائرس کا شکار ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جسے کورونا ہوگیا اس کی موت کے پروانے پر دستخط ہوگئے۔