ایران جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کررہا ہے، روس
ویانا میں روسی نمائندے کا کہناہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی جوہری ادارے سے تعاون اور معاہدے کی مکمل پاسداری کررہا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عالمی جوہری ادارے سے وابستہ روسی نمائندے کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جوہری تنصیبات کے معائنے کی راہ میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنا اور ایران نے کبھی بھی جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے حق کو مسترد نہیں کیا ہے۔
عالمی اداروں میں تعینات روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانف Mikhail Ulyanov نے ایک بار پھر مغرب کے دعووں کے مقابلے میں ایران کی حمایت کی۔
ویانا میں تعینات روس کے مستقل مندوب نے اپنے ٹوئیٹر پیج میں لکھا کہ ایران، اپنے جوہری تنصیات کے معائنے کی راہ میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنا اور ایران نے کبھی بھی جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے حق کو مسترد نہیں کیا اور وہ اس سلسلے میں مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے کل جمعہ کے روز اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ ایران جوہری معاہدے میں تعیین شدہ مقدار سے 8 برابر زیادہ یورنیئم افزودہ کر رہا ہے۔
ویانا میں عالمی اداروں میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے جمعہ کی رات جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی جوہری معاہدے سے متعلق نئی رپورٹ پر کہا کہ ایران کی پر امن جوہری سرگرمیاں جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے قوانین و ضوابط اور ایران کی جانب سے جوہری معاہدے میں اپنے وعدوں پرعمل نہ کرنے کے دائرے میں ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے 8 مئی 2018 کو عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے اور جوہری معاہدے کے دیگر رکن ممالک کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل نہ کرنے کے بعد ایران نے س معاہدے کی شق نمبر 26 اور 36 کے تحت اپنے وعدوں میں کمی لانے کا فیصلہ اور اعلان کیا تھا۔