صہیونی حکومت کے خلاف ہزاروں فلسطینیوں کا مظاہرہ


فلسطین کے علاقے غرب اردن کو ضم کرنے سے متعلق اسرائیلی اعلان کے بعد فلسطینیوں کی جانب سے سخت ردعمل کا مظاہرہ جاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مظاہرین کا کہنا ہے کہ غرب اردن سے اسرائیل کا الحاق نیتن یاہو کا خواب ہے اور اسے ناکام بنانے کے لیے فلسطینیوں کو مسلح مزاحمت کرنا ہوگی۔ 
ہزاروں فلسطینیوں نے بدھ کی شب ہونے والے مظاہرے میں امریکہ کے سینچری ڈیل کے خلاف نعرے لگائے اور مقبوضہ علاقوں میں غرب اردن کے بعض حصوں کو ضم کرنے کے خلاف عرب حلقوں اور عالمی برادری سے ٹھوس موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
صیہونی حکومت نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے اور ساونڈ بموں کا استعمال کیا۔
واضح رہے کہ  صیہونی حکام نے ابھی حال ہی میں غرب اردن کو مقبوضہ زمینوں میں ضم کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر جولائی میں کام شروع ہو جائے گا۔ اگر صیہونی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد میں کامیاب ہو جاتی ہے تو غرب اردن کا تیس فیصد سے زیادہ علاقہ مقبوضہ زمینوں میں ضم کر دیا جائے گا۔