پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خوفناک اضافہ


پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 825 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 230 ہو گئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 81 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 632 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 51 ہزار 735 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 52 ہزار 601 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 51 ہزار 518، خیبرپختونخوا میں 17 ہزار 450، بلوچستان میں 8 ہزار 28، اسلام آباد میں 7 ہزار 934، آزادکشمیر میں 604 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 95  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 969 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 816، خیبر پختونخوا میں 661، اسلام آباد میں 75، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 83 اور آزاد کشمیر میں 12 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 546 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 68 ہزار 565 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ 

معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔