بھارت پاکستان کے خلاف کوئی شرارت کرسکتاہے، شاہ محمود قریشی
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بھارت کی مودی سرکار اپنے حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے عزائم درست نہیں ہیں، اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کو آگاہ کر دیا ہے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے اندرونی حالات کے بھیانک نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھارتی حکومت کی جانب سے نئی دہلی کو پاکستانی سفارتی عملے کے لیے جیل میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
پاکستان میں بھارتی سفارتی عملے کے 2 ارکان کی طرف سے ٹریفک رولز کی خلاف ورزی اور ایک شہری کو ٹکر مارنے کے بعد گرفتاری کے ردِ عمل میں بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کے افسران کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کی پاکستان میں گرفتاری پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ کیا گیا جہاں بھارتی ایجنسیوں کی جانب سےافسران کو ہراساں کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان کے ہائی کمشنر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سفارت کاری کے ویانا کنونشن کے برعکس بھارتی دارالحکومت میں پاکستانی ناظم الامور کی کڑی نگرانی جاری ہے، بھارتی ایجنسیاں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کا ان کی رہائش گاہوں تک پیچھا کرتی ہیں۔
15 جون کو اسلام آباد پولیس نے بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکارو ں کو گرفتار کر لیا تھا، بھارتی اہلکاروں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور ان کی تیز رفتار بی ایم ڈبلیو کی ٹکر سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس نے گاڑی میں موجود بھارتی ہائی کمیشن سے تعلق رکھنے والے دونوں افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی