عراق؛ حشد الشعبی کی تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، متعدد داعشی ہلاک


عراقی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسزنے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے متعدد داعشی درندوں کو ہلاک یا زخمی کردیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عراقی فوج کے کمانڈر جنرل عبد اللہ الشمری نے کہا کہ یہ فوجی آپریشن، فوجی، سیکورٹی اہلکاروں، پولیس اہلکاروں، فضائیہ اور عالمی اتحاد کے تعاون سے انجام دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی آپریشن صوبہ صلاح الدین کے 4853 کیلومیٹر مربع علاقے میں انجام دیا گیا۔

عراقی فوج کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 29 ٹھکانوں، دو ہتھیاروں کے گوداموں، دہشت گردی کے ایک مرکز، ایک لانچر پیڈ،11 میزائیلوں، بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود، داعش کی متعدد گاڑیوں، بم بنانے کے 6 کارخانوں، متعدد کار بموں، کئی سرنگوں، 76 بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد اور تباہ کئے گئے جبکہ اس دوران 89 گاؤں اور دیہی علاقوں کو دہشت گرد گروہ داعش کے وجود سے پاک کیا گیا۔

عراقی فوج کے کمانڈر جنرل عبد اللہ الشمری کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کی زد میں آنے سے الحشد الشعبی کے دو اہلکار شہید جبکہ 10 فوجی اور رضاکار زخمی ہوئے۔