بھارت کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل عام کر رہا ہے، پاکستان


پاکستانی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل عام کر رہا ہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی، 3 سالہ معصوم فرشتے کے سامنے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالاگیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے، آج یورپی یونین کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا،یورپی یونین کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والےظلم کو اٹھایا،پاکستان اس واقعے کو بھی ہر فارم پر اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے،بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا ہوا ہے، بین الاقوامی میڈیا کومقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گے،انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس واقعے پر آواز اٹھانا ہوگی، کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا انسانی تقاضہ ہے۔