سرزمین انبیاء فلسطین کواسرائیل میں ضم کرنا عالم اسلام کی غیرت کیلئے چیلنج ہے، حامد موسوی


 مولانا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سرزمین انبیاء فلسطین کواسرائیل میں ضم کرنا عالم اسلام کی غیرت کیلئے چیلنج ہے مسلم ممالک استعماری کمپنیوں کا بائیکاٹ کریں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما مولانا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عرب لیگ اوآئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی خفیہ ڈیل کی عکاس ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیری فلسطینی مجاہدین مسلم حکمرانوں کے بجائے اللہ پر بھروسہ رکھ کر اپنا وجود منوائیں،آزادی و حریت کیلئے ان کی مظلومانہ جدوجہدایک دن ضرور فتح سے ہمکنار ہوگی۔

امام محمد تقی نے عزم و استقلال کا کو ہ گراں بن کر اسلام کے خلاف ہو نے والی سازشوں کا رستہ روکا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختار فورس والنٹیئرز کی نگران کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا

مولانا سیدحامد موسوی نے کہا کہ البانیہ سے گوادر تک مسلم عوام کے دل دوسرے مسلم برادران کیلئے دھڑکتے اور تڑپتے ہیں جبکہ مسلم حکمرانوں کو صرف اقتدار کی تڑپ اور اس کے چھن جانے کا دھڑکا لگا رہتا ہے وہ استعمار کی کاسہ لیسی کو اقتدار کے دوام کی سند سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ بھی صیہونی اور استعماری مفادات کیلئے وجود میں لائی گئی جس نے آج تک مسلمانوں کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جبکہ غیر مسلموں کے مسائل مشرقی تیمور ہو یا سوڈان فوری حل کروادیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانا، گولان پہاڑیوں مغربی کنارے کو ہڑپ کرنااور غیر قانونی صیہونی بستیوں کی پشت پناہی فلسطین کو ختم کرنے کے دیباچے تھے