بھارت میں کرونا وائرس میں تیزی، متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کرگئی


بھارت میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث بدترین صورتِ حال ہے جہاں اس سے متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے بھارتی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ یومیہ 45 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے نئے کیس ریکارڈ ہو رہے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا سے 29 ہزار 890 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 39 ہزار 684 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے بھارت میں4 لاکھ25 ہزار 528 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 8 ہزار 944 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 7 لاکھ 84 ہزار 266 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 53 لاکھ 75 ہزار 4 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 30 ہزار 222 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 53 لاکھ 95 ہزار 364 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 66 ہزار 246 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 93 لاکھ 49 ہزار 418 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔