ونزوئلا میں ایرانی سپرمارکیٹ کے افتتاح سے امریکی و سعودی حکام سیخ پا، امریکی عہدہ دار کی دونوں ملکوں کو دھمکی


امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی مغربی نصف کرہ میں موجودگی ایسی چیز نہیں جس کو ہم بہت مثبت نگاہ سے دیکھیں

تسنیم نیوز ایجنسی: امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو برائے مغربی نصف کرہ کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری،  مائیکل کوزک نے اپنے ایک بیان میں ایران اور ونزوئلا کے باہمی اتحاد پر استہزائی لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ ایران کا ونزوئلا میں سپر مارکیٹ کے افتتاح سے ایسا لگتا ہے کہ کہ اچھوت ریاستوں

Pariah States

 کا ایک اتحاد ہے۔  )پاریاہ ریاست اس ملک کو کہا جاتا ہے جس کو بین الاقوامی برادری نے اپنے سے دور کردیا ہو،  جسے بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا سامنا ہو اور بین الاقوامی برادری اس کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے اس پر پابندیاں لگائے حتیٰ اس پر یلغار کرنے کا بھی حق رکھتی ہو)   

مائیکل کوزک نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت حیرت ہوگی اگر ونزوئلا ایران سے کچھ فائدہ حاصل کر پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران ہمارے ہمسایہ میں اپنی فعالیت بڑھانا چاہ رہا ہے اور ونزوئلا کو اپنی مصنوعات فروخت کرنا چاہتا ہے جبکہ ونزوئلا کے پاس ایرانی مصنوعات خریدنے کیلئے زیادہ پیسے بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کو دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ونزوئلا نے ہم سے اختلاف کرکے خود کو جس مشکل میں ڈالا ہے ایران اس کو اس مشکل سے نہیں بچا سکتا البتہ اس طرح کے کاموں سے خود کو خطرناک صورت حال میں مبتلا ضرور کردے گا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ونزوئلا کے دارالحکومت کاراکاس کے مشرقی علاقے میں بدھ کے روز  نیو میگاسس سپر مارکٹ کے نام سے ایک عظیم الشان سپر مارکیٹ کا افتتاح کیا تھا۔

یہ سوپر مارکیٹ 6 ہزار اسکوائر میٹر رقبہ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں ڈھائی ہزار ایرانی اور ایک ہزار ونزوئلا کی بنی مصنوعات خریداروں کے لئے فراہم کی گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب میں ونزوئلا میں متعین ایرانی سفیر متعین حجۃ اللہ سلطانی و دیگر سفارتی عہدہ داران، ونزوئلا  کے اعلیٰ حکام، تاجروں اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔

میگاسس کے مالک ایک ایرانی بزنس مین عیسیٰ رضائی ہیں جو ایران میں 700 کے لگ بھگ سپر مارکیٹوں کی چین چلاتے ہیں۔ اس سپرمارکیٹ کو کرونا سے بچاو کیلئے مختلف دفاعی ٹیکنیز سے آراستہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے ایران اور ونزوئلا دونوں ممالک امریکا کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ایران اور ونزوئلا کے مابین تجارت کے فروغ میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جو امریکی اور سعودی حکام میں شدید بے چینی کا باعث بن رہا ہے۔ کچھ دنوں سے سعودی اخبار العربیہ نے بھی ایران اور ونزوئلاکے مابین فروغ پانے والی تجارتی سرگرمیوں پر پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے اور گذشتہ دنوں العربیہ نے لکھا کہ ایران اور پاسداران انقلاب تجارت، کاروبار اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وینز ویلا میں منی لانڈرنگ کررہے ہیں۔