بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں پر اختلاف، مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر مستعفی


گریش چندر مرمو کی گذشتہ سال اکتوبر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر تقرری کی گئی تھی

تسنیم نیوز ایجنسی: بھارتی حکومت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظالمانہ پالیسیوں پر تحفظات اور مطالبات نہ سننے پر گزشتہ روز غیر قانونی بھارتی قبضے کو ایک سال پورا ہونے پر لیفٹیننٹ گورنر مقبوضہ کشمیر نے اپنا استعفیٰ بھارتی صدر کو بھیج دیا

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے شدید اختلافات کے سبب مقبوضہ کشمیر کےپہلے  لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ بھارتی صدررام ناتھ کووند کو بھجوا دیا ہے۔ گریش چندر مرمو کی گذشتہ سال اکتوبر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر تقرری کی گئی تھی

اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے حوالے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے اپنے تحفظات بھارتی حکومت کو بھجوائے تھے۔

گریش چندر مرمو نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے کشمیری عوام کی مشکلات سے بھی بھارتی حکومت کو آگاہ کیا تھا۔ جس پر بھارتی حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

واضح رہے آئی اے ایس افسر گریش چندر مرمو کی گذشتہ سال اکتوبر میں جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر تقرری کی گئی تھی ۔ قابل ذکر ہے کہ گریش چندر مرمو گجرات کیڈر کے 1985 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں اور وہ نریندر مودی کے گجرات کے وزیر اعلی رہنے کے دوران پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں ۔یاد رہے مرمو کی تقرری ایسے وقت میں عمل میں آئی تھی جب مقبوضہ جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام خطہ کے طور پر دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا تھا۔