متحدہ عرب امارات اور سرائیل کے مابین معاہدہ امت مسلمہ کے عالمی مفادات پر کاری ضرب ہے، علامہ راجہ ناصر
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یواے ای اسرائیل امن معاہدے کو امت مسلمہ کے عالمی مفادات پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔
تسنیم نیوز کے مطابق، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا اس معاہدہ کے ذریعے خلیجی ریاستوں کے مسلمان حکمرانوں نے بدقسمتی سے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں مسلمانوں کے زوال کا اصل سبب اپنے اقتدار کی بقاء اور طوالت کیلئے کوشش کرنا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اسرائیل‘ امریکا اور بھارت کی اسلام دشمنی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ یہ اسلام دشمن قوتیں مسلم امہ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔
راجہ ناصر کا کہناہے کہ صیہونیت دوستی سے اب بعض ملکوں کے عزائم واضح ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا مختلف بلاکس میں تبدیل ہو رہی ہے۔ یہود و نصاریٰ سے متاثر ممالک اسلامی بلاک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ عالم اسلام کو اپنی سالمیت و بقاء کیلئے عالم کفر کے سامنے دوٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔