خطے کے لئے سب سے بڑاخطرہ صہیونی حکومت ہے، سید حسن نصراللہ


سید حسن نصراللہ نے محرم الحرام کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت لبنان سمیت پورے خطے کے لئے نہایت خطرناک ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سید حسن نصراللہ نے عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت مغربی ایشیا کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کے لئے سب سے زیادہ خطرہ اسرائیلی وجود سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دونوں ہمارے لئے خطرہ ہیں، جارحانہ مزاج کے لحاظ سے ان دونوں میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں۔

حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے کہا: "اگر آپ صیہونی دشمن کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو فلسطین کی تاریخ میں مہارت حاصل کرنی ہوگی اور اس ملک میں ہونے والی جنگوں کی تاریخ کا مطالعہ کرنا ہوگا۔

سید حسن نصراللہ نے متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر سخت تنقید کرتےہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دراصل فلسطین کاز کو نقصان پہنچانے کےلئے کروایا گیا ہے۔ امریکا اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ فلسطینی ہتھیار ڈال کر ان کے سامنے تسلیم ہوجائیں۔

نصراللہ نے امریکی جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "آج ، عالمی سلامتی کےلئے سب سے بڑا چیلنج اور خطرہ امریکا ہے۔ انہوں نے امریکی حکام کو نسل پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی پالیسیاں نسل پرستی پر مبنی ہیں۔