مفتی اعظم پاکستان محمد رفیع عثمانی کا بیان قابل تحسین ہے، علامہ عارف واحدی


شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ عارف واحدی نے کہا ہے کہ مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد رفیع عثمانی دام عزہ نے جس جرئت سے محرم الحرام کے آغاز میں حق کی آواز بلند کی ہے انکی یہ کوشش لائق قدردانی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عارف واحدی نے مفتی اعظم پاکستان محمد رفیع عثمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہے مفتی رفیع عثمانی کے بیان سے بہت سی غلط فہمیاں بھی دور ھوئیں اور ملک میں بین المسالک ھمآھنگی اور اتحاد و وحدت کی فضا میں بہتری بھی آئی عمومی طور پر سب اھل اسلام ان کی اس گفتگو کو سراھا رہے ھیں-

علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ تشیع وہ عظیم الشان مکتب ہے  جس کی حقانیت اظہر من الشمس ہے  تشیع ایک عظیم نظریے اور عقیدے کا نام ہے ،تشیع الٰہی دین اور اسلامی نظام حیات،سسٹم عدل الٰہی کا دوسرا نام ہے ،تشیع پاکیزہ جذبوں اور ولولوں کا نام ہے ،چودہ صدیوں میں اسلامی فکر،سوچ اور سسٹم کی ترویج اور تبلیغ کے لئے مکتب تشیع کے مجاھد علمائے کرام اور حسینی عشق سے سرشار،کربلا کی عظیم الشان احیائے اسلام کی تحریک کے وارث جوانوں نے  عظیم قربانیاں دے کر شجر اسلام کی اپنے مقدس خون سے آبیاری کی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ مکتب تشیع کے غیرتمند پیروکاروں نے اپنے معصوم پیشواؤں علیھم السلام کی مقدس راہ پر چلتے ھوئے شریعت محمدی اوردین مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سربلندی کے لئے بھی بڑی سے بڑی قربانی دی مگر دشمنان اسلام کی ھر سازش کو شجاعت اور بہادری سے ناکام بنایا اور حضرت امیرالمومنین علی ابن ابیطالب علیہ السلام  کی سیرت پاک پر چلتے ھوئے ھر دور میں اتحاد امت کے قرآنی تصور کو اجاگر کرنے کے لئے عملی جدوجہد کی-

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ھم اپنے آپ کو کبھی بھی اسلام کے سچے پیروکار اور کھرے مسلمان ھونے کے لئے کسی فتوے کا محتاج نہیں سمجھتے غلیظ فتووں اور فتویٰ بازوں  سے تاریخ بھری ھوئی ہے  ھماری حقانیت کو یہ فتوے کبھی نقصان نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ کیا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور حضر ت علی علیہ السلام کے عظیم المرتبت والدین پر ان فتوابازووں نے یہ فتوے نہیں لگائے؟؟؟

   مگر تکفیر کی گہماگھمی میں جب کوئی شخص جرئت سے حق گوئی کرے تو اس کو خراج تحسین پیش کرنا بھی یقیناً اس کا حق بنتا ہے۔

مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد رفیع عثمانی دام عزہ نے جس جرئت سے محرم الحرام کے  آغاز میں  حق کی آواز بلند کی ہے  انکی یہ کوشش لائق قدردانی ہے اس سے بہت سی غلط فہمیاں بھی دور ھوئیں اور ملک میں بین المسالک ھمآھنگی اور اتحاد و وحدت کی فضا میں بہتری بھی آئی عمومی طور پر سب اھل اسلام ان کی اس گفتگو کو سراھا رہے  ھیں-

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ یہ بھی یقینی ہے کہ کہ بعض تکفیری گروہوں کی طرف سے ان پر دباؤ ھو گا مگر ھر دباؤ سے بالاتر ھو کر اپنے موقف پر استقامت اور ثبات قدمی علمائے دین کا خاصہ ہے۔

  علامہ عارف واحدی نے کہا کہ  اس سے پہلے بھی فتوی جامعۃ الازھر،اعلامیہ مکہ مکرمہ اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی صورت میں یہ موقف بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے آ چکاہے ایسے اعلامیے اور گفتگو سے عالم اسلام سربلند ھو گا اور پاکستان امن،محبت اور اتحاد و وحدت کا گہوارہ بنے گا-

شیعہ علما کونسل کے رہنما نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو جن چیلنجر اور سامراجی قوتوں کی سازشوں کا سامنا ہے ان کا توڑ مسلمانوں کی صفوں میں وحدت کو قائم کرنا اور انتشار و افتراق پھیلانے والی قوتوں کی سازشوں سے ھوشیار و بیدار رھنا ہے ۔

اللہ تعالی سے دعا ہے  کہ ھم سب اھل اسلام کو انتشار اور افتراق میں پڑنے کی بجائے متحد ھو کر دنیائے انسانیت تک اسلام کے امن و سلامتی کے آفاقی پیغام کو پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مفتی رفیع عثمانی کا بیان ملاحظہ فرمائیں