وزیر اعظم عمران خان کا افغان رہنما عبداللہ عبداللہ سے ٹیلیفونک رابطہ، دورہ پاکستان کی دعوت


وزیر اعظم پاکستان اور افغانستان کے قومی کونسل برائے مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیر اعظم عمران خان نے آج افغانستان کے سابق چیف ایگزیکٹو اور قومی کونسل برائے مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبدااللہ عبداللہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک افغان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے پاک افغان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، اس کا حل سیاسی تصفیے کے سوا کچھ نہیں۔

وزیر اعظم نے چیئرمین قومی کونسل برائے مفاہمت کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جس پر عبداللہ عبداللہ نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا، اور کہا پاکستان جلد انٹر امن مذاکرات کا منتظر ہے۔

وزیر اعظم نے عبداللہ عبداللہ کے لیے قومی کونسل برائے مفاہمت کے چیئرمین بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ کونسل کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کر لے گی۔

وزیر اعظم نے افغان امن عمل کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو بڑھانے کی ضرروت پر بھی زور دیا۔