یمن | سعودی لڑاکا طیاروں کی الجوف پر بمباری / الحدیدہ میں جنگ بندی کی 111 بار خلاف ورزی


امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر ایک بارپھرشدید بمباری کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، یمنی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ الحدیدہ میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے اور سعودی جنگی جہازوں نے صوبہ الجوف کے رہائشی علاقوں پر ایک بار پھر شدید بمباری کی ہے۔

المیسرہ نیوز نے خبر دی ہے کہ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ الجوف کے اسطر اور الشعف نامی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

یمنی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی افواج کے کرائے کے جہازوں نے الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک سو گیارہ مرتبہ وحشیانہ بمباری کی۔

واضح رہے کہ صنعاء اور ریاض کے مابین 18 دسمبر 2018 میں الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا تاہم سعودی اتحاد اس کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

 

سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی اوردسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر ہوئے ہیں-

سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کرسکا ہے-

پچھلے چند برسوں کے دوران یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور محاصرے کے باوجود یمنی فورسز کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔