گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے کے خلاف مظاہرے


پاکستان میں شیعہ تنظیوں خاص کر شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف کے مظاہرے کئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے کے خلا ف شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماوں سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 شیعہ علماء کونسل کی جانب سے خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادرکے باہر مظاہرے سے علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گز شتہ کئی سالوں سے مغربی ممالک کی جانب سے مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کرنا قابل مذمت اور اس پر عالمی اداروں کی خاموشی قابل تشویش عمل ہےوہ اپنا کر دار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ  کسی کے مقدسات کی توہین کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے تحت جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ دین اسلام کے مقدسات کی توہین دنیا کے دو ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے مترادف،عالم اسلام کو بے بس سمجھنے والے احمق اور عالمی امن کے دشمن ہیں۔

فرانس اور سویڈن گستاخی کے مرتکب عناصر کو قومی مجرم قرار دے کر ان کے خلاف فوری کارروائی کا اعلان کریں۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بھی فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔