فرقہ وارانہ ھماھنگی؛ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی زیرصدارت اہم اجلاس


لاھور:گورنر ھاؤس پنجاب میں آج گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی زیرصدارت پنجاب میں فرقہ وارانہ ھماھنگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی زیرصدارت  پنجاب میں فرقہ وارانہ ھماھنگی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمانے شرکت کی-

اجلاس میں علامہ محمد حسین اکبر اور علامہ حافظ کاظم رضا نقوی،مولانا طاھر اشرفی،مولانا عبدالخبیر آزاد،مولانا سید ضیااللہ شاہ بخاری،مولانا محمد خان لغاری،پیر محفوظ مشہدی،مولانا اکبر ساقی ،مولانا مصطفیٰ،دیگر علمائے کرام اور متحدہ علما بورڈ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں اس انتشار اور تفرقہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا مفید تجاویز سامنے آئیں اور اعلان ہوا کہ ملک میں اھلبیت اطہار علیہم السلام،صحابہ کرام،خلفائے راشدین اور امھات المومنین کی توھین حرام ہے کسی کو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی   جو بھی توھین کا ارتکاب کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

گورنر پنجاب نے اتحاد و وحدت قائم کرنے اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے مولانا شاہ احمد نورانی،علامہ سید ساجد نقوی  اور قاضی حسین احمد کی خدمات کو سراھا۔

    علامہ عارف حسین واحدی نے گورنر کو اس جانب متوجہ کیا کہ پنجاب میں مجالس اور روایتی جلوسوں کے خلاف جو ایف آئی آرز ہوئی ہیں انکو فی الفور واپس لیا جائے، مجلس پر پابندیاں اور عزاداری کے راستے میں رکاوٹیں قابل قبول نہیں ہیں۔

شیعہ علما کونسل کے رہنما نے کہا کہ عوام کی عقیدتوں کا مسئلہ ہے عزاداری ھماری عبادات میں سے ہے عوام میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے  لہٰذا اس مشکل کو فوری حل کیا جائے-

 علامہ عارف واحدی نے کہا کہ کسی ایک شخص کے توھین کرنے سے جس کی ھم خود مذمت کر رھے ھیں بعض شرپسند عناصر پورے مکتب تشیع کو نشانہ بنائیں یہ بھی انتہائی قابل مذمت ہے حالانکہ شیعہ قوم کے قائد، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی دام ظلہ، بزرگ علمائے کرام وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ حضرت آیۃ اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی دام عزہ اور مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی دامت برکاتہ نے ایک اعلامیہ کے ذریعے پوری امت کو اتحاد و وحدت کی دعوت دی اور اس توہین کی مذمت اور اس سے اظہار برائت کا اعلان کیا۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شرپسندی پھیلانے اور کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق بلا امتیاز سخت ترین سزا دی جائے۔

گورنر صاحب نے کہا کہ اس مسئلہ پر پہلے بھی آئی جی صاحب اور دیگر ذمہ داران سے میری میٹنگ ہو چکی ہے آپ کو یقین دلاتا ہوں اس پر دوبارہ بھی آئی جی سے میٹنگ کر کے مسئلہ حل کرونگا۔

آپ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔علامہ محمد حسین اکبر اور علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے بھی ان موضوعات پر اسی طرح اپنے موقف کا بھرپور اظہار کیا۔