جھنگ: لاپتہ شیعہ طالبعلم کے ورثاء کی پریس کانفرنس + تصویر


حسنین رضا کو رہا نہ کیا گیا تو غیر معینہ مدت تک دھرنا دیں گے؛ ورثاء کا اعلان

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،  ڈیڑھ ماہ قبل کراچی سے لاپتہ ہونے شیعہ طالبعلم کے ورثاء نے جھنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 29جولائی کو جھنگ کے نوجوان حسنین رضا کو نامعلوم افراد نے جبری طور پہ اغواء کیا ہے اور تاحال لاپتہ ہیں۔

ورثاء نے وزیر اعظم ،آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ حسنین رضا کو فوری طور پہ بازیاب کروایا جائے اگر حسنین رضا نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لاپتہ طالبعلم کے ورثاء کا کہنا تھا کہ اگر حسنین رضا کو فوری طور پہ بازیاب نہ کروایا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور غیر معینہ مدت تک دھرنا بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھرمیں متعدد شیعہ جوان لاپتہ ہیں اور ورثا کی جانب سے ملک کے اعلی حکام سے اپیل کے باوجود کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

ورثا کا کہنا ہے کہ ہم محب وطن شہری ہیں، ہم ملک کے ساتھ وفادار تھے، ہیں اور رہیں گے، اگر کسی نے کوئی جرم کا ارتکاب کیا ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔