جب تک نئے گھر نہیں دے دیے جاتے کسی کا گھر نہیں گرائیں گے، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نالوں کو انصاف کے ساتھ صاف کریں گے اور جن لوگوں کو بارشوں کے دوران نقصان پہنچا ان کا خیال رکھنا پڑے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سے دہشتگردوں کا راج ختم کر دیا اب ہم نے شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر حسین شاہ سمیت دیگر موجود تھے۔

دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کا راج ختم کر دیا ہے اور اب ہم شہر کی ترقی پر کام کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کا ساتھ چاہیے جیسے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا گیا۔ نالوں کی صفائی کے دوران ہم کسی کا گھر نہیں توڑیں گے اور جب تک نئے گھر نہیں دے دیے جاتے کسی کا گھر نہیں گرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبے کی وجہ سے ڈرینج سسٹم کو نقصان پہنچا ہے اور میں وزیر اعلیٰ سندھ کو عوام کے درمیان لایا ہوں۔ عوام ساتھ دیں تو وفاق سے این ایف سی چھین کر رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں مشکلات ہیں۔