اسرائیل سے معاہدے کے خلاف فلسطین کے مختلف شہروں میں مظاہرے


عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے تعلقات کیخلاف فلسطین کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، فلسطینی مظاہرین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے ذلت آمیز ہیں۔

فلسطینی مظاہرین نے عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے تعلقات کو فلسطین کاز کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک مزاحمت جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات و بحرین کے وزرائےخارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم نے معاہدے پر دستخط کیے۔

واشنگٹن میں ہونے والے اس معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والی عرب ریاستوں کی تعداد اب 4 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل مصر 1979 اور اردن 1994 میں اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں۔

قابض صہیونی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر عرب امارات اور بحرینی عوام میں بھی سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

بحرین کی متعدد سیاسی جماعتوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو مسترد کرتےہوئے کہا ہے وہ حکومتی فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔