متحدہ عرب امارات اور بحرین کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، ڈاکٹر ولایتی


ڈاکٹر ولایتی نےاسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کی سپریم کونسل کے 13 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کو غاصب اسرائیل سے تعلقات کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

ڈاکٹر ولایتی نےتہران میں تسنیم نیوز کی میزبانی میں اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کی سپریم کونسل کے 13 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین مسلمانوں کا قبلہ اول اور اسلامی دنیا کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔

ولایتی نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے غدارانہ اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض خلیجی حکومتوں کا صیہونی غاصب حکومت کے ساتھ سمجھوتہ پانی پر گھر بنانے کے مترادف ہے۔ جس کا کوئی پایہ اور اساس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر مشرق وسطی کے منصوبے پر عمل درآمد کرنے کی کوشش، عراق اور افغانستان پر براہ راست حملے، بے دفاع لبنان اور غزہ کے شہریوں پر بمباری اور جنگی جرائم، اسلامی بیداری کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش، تکفیری گروہوں کا قیام  اورخطے میں لاکھوں بے گناہ افراد کا قتل عام، مزاحمتی محاذ کے بہادر کمانڈر، حاج قاسم سلیمانی کا قتل وغیرہ، خطے میں خالص اسلام کی اقدار اور نظریات کا مقابلہ کرنے اورتسلط پسندانہ منصوبوں کا حصہ ہیں۔

عالمی اسلامی بیداری کے سکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ فلسطین مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اسلامی دنیا کا سب سے اہم اور کلیدی مسئلہ ہی فلسطین ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن مختلف سازشوں اور منصوبوں کے ذریعے، ہمیشہ اس بنیادی مسئلے کو عالم اسلام کی پہلی ترجیح سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ڈاکٹرولایتی نےکہا کہ 50 سالہ مزاحمت نے اسلام دشمن قوتوں کو مذاکرات پر مجبور کردیاہے اب وہ سازشی مذاکرات کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ  غاصب اسرائیل کے ساتھ چھ روزہ جنگ میں عربوں کی شکست کے بعد امریکی سرپرستی میں عربوں اور صیہونی حکومت کے مابین دسیوں مرتبہ سازشی مذاکرات کروائے گئے اور اس مذاکرات سے فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ اس کے سخت نقصانات سامنے آئے۔

اسی مذاکرات کے نتیجے میں صہیونی حکومت نے فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ بڑھایا، مراعات حاصل کیں اور آخر کار فلسطین سے آگے نکل کرتمام عرب ممالک تک جا پہنچا اور اب ایک وسیع اسرائیل کا خواب دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے اسرائیل کے ساتھ 8، 51، 22، اور 2 روزہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مزاحمت نے ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کیا اور ذلت آمیز شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار فلسطین کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے عالم اسلام کے دانشوروں اور مفکرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ صہیونی حکومت اور اس کے مجرم اتحادی ممالک انتہائی نازک اور متزلزل حالات سے دوچار ہیں۔

ڈاکٹر ولایتی نے مزید کہا: امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے دہشت گردانہ اقدامات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، بعض عرب ممالک اور صہیونی حکومت کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کا اصل مقصد، فلسطین کے مسئلے کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہے؛ مسئلہ فلسطین کی نابودی امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مذموم منصوبہ امریکی اسرائیلی ناپاک منصوبوں کی تکمیل کے لئے تیار کیا گیاہے خلیجی ممالک امریکی جھوٹے وعدوں پر عمل پیرا ہیں اور اللہ تبارک و تعالی کے بجائے امریکیوں سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ خلیجی بعض حکومتوں نے پانی پر گھرتعمیر کرنے کی کوشش کی ہے جس کا نتیجہ سوائے پشیمانی کے کچھ نہیں۔

انہوں نے فرانسیسی اخبار میں حضور اکرم (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹون کی دوبارہ اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہا بزدلانہ عمل نہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکاتا ہے، بلکہ تمام مومنین کے دلوں کو بھی غمزدہ کیا ہے اور اس توہین کے مرتکب افراد کو سزا دلوانے کے خواہاں ہیں۔