زلفی بخاری کا سعودی وزیر سے ٹیلیفونک رابطہ/ ویزے کی میعاد بڑھانے کا مطالبہ
معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر سے ویزے کی میعاد کی تاریخ 30 اکتوبر 2020 تک بڑھانے اور ایئر لائنز کو مزید فلائٹس کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، سعودی عرب جانے والے ہزاروں مسافر محدود پروازوں کی وجہ سے ٹکٹ کے حصول ،نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافے جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔
سعودی عرب میں محنت مزدوری کرنے والے پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب جانا چاہتے ہیں، لیکن پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ورکرز پھنس چکے ہیں۔
زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے سعودی حکام سے تفصیلی گفتگو کی اور پاکستانی محنت کشوں کے مشکلات دور کرنے کا مطالبہ کیا۔
سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل نے کہا ہے کہ اقاموں کی میعاد بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا اور آئندہ ماہ لیبر قوانین میں ترمیم کی ایک بڑی خوش خبری دیں گے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا، کارکنوں کا بہت دباؤ ہے جو واپس سعودی عرب جانا چاہتے ہیں، لیکن پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ورکرز پھنس چکے ہیں، اس لیے سعودی ایئر کیریئر اور پی آئی اے کو پروازیں بڑھانے دیں۔
زلفی بخاری نے کہا کہ اقامے کی مدت میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کی جائے، جس پر سعودی نائب وزیر عبداللہ بن نصیر نے وزارتی اجلاس میں پروازوں اور اقاموں کا معاملہ اٹھانے کا وعدہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ وزارت تجارت، داخلہ اور انسانی وسائل کے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھاؤں گا، 25 فی صد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے پروازوں پر بوجھ ہے، جلد تمام نشستوں پر مسافروں کو آنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی نائب وزیر نے کہا ریکارڈ کا جائزہ لے کر اقاموں کی میعاد بڑھانے کا فیصلہ کریں گے، آئندہ ماہ لیبر لا میں ترمیم کی ایک بڑی خوش خبری بھی دیں گے۔