شاہ سلمان کی ہرزہ سرائی پر ایران کا سخت رد عمل
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی بادشاہ سلمان کی ایران مخالف تقریر پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے، سعودی عرب کے بادشاہ کی حالیہ ہرزہ سرائی پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک سلمان کے تمام تر الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ کے خلاف جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کو مالی امداد پہنچاتا رہا ہے، دہشت گردی کی اصل جڑ سعودی عرب ہے۔
خطیب زادہ نے مزید کہا: سعودی عرب ایران کے خلاف امریکی صف میں کھڑا ہے اور غاصب صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے اربوں ڈالر دہشت گردی اور دیگر ممالک کو برباد کرنے پر خرچ کرنے کے باوجود انہیں کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مزید زور دے کر کہا: سعودی عرب کو یمن میں بدترین شکست کا سامنا ہے اوروہ دوسرے ممالک پر الزام لگا کر یمنی خواتین اور بچوں کے خلاف اپنے جنگی جرائم کی ذمہ داری سے بچنا چاہتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا: "اسلامی جمہوریہ ایران ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہمیشہ بین الاقوامی برادری پر واضح کردیا ہے کہ ایران تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کے سطح پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔