وزیراعظم عمران خان اور اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مکمل تعاون کی ایک بار پھر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان ہی مثبت کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہوا۔
عمران خان نے دوحا میں انٹرا افغان مذاکرات پر متعلقہ فریقین کے اقدامات کی تعریف کی، اور جنگ بندی اور تشدد میں کمی کے لیے تمام افغان جماعتوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ تمام افغان اسٹیک ہولڈرز کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور مل کر ایک جامع سیاسی معاہدے پر اتفاق کرنا چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان عوام اپنے بہتر مستقبل کے لیے جو بھی فیصلہ کریں گے پاکستان اس کی مکمل حمایت کرے گا۔
مزید پڑھیں