کراچی میں کرونا کیسز میں اضافے کے بعد متعدد ریسٹورنٹس سیل کرنے کا فیصلہ


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر صدر، آرام باغ اور کلفٹن میں متعدد ریسٹورنٹس سیل کردیے گئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ہدایت کے مطابق شہری انتظامیہ نے صدر، آرام باغ اور کلفٹن میں ساحل سمندر کے قریب کارروائی کرکے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے 9 ریسٹورنٹس سیل کردیے۔

3 ریسٹورنٹس دعا چورنگی، 3 بوٹ بیسن اور 2 آرام باغ جب کہ ایک ریسٹورنٹ صدر میں سیل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ان ریسٹورنٹس میں موجود کسی شہری نے ماسک نہیں پہنا تھا اور سماجی فاصلہ بھی نہیں رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد گزشتہ روز سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جس میں منگھو پیر کی یو سی 8 میں 15 دن کے لیے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، اس دوران صرف راشن کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ روز این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر سے سامنے آنے والے کیسز میں سے نصف کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت نے لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی۔

کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد کچھ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے۔